کریم آباد :گھر کے اندر دھماکا،باپ اور دو بیٹے زخمی

کریم آباد :گھر کے اندر دھماکا،باپ اور دو بیٹے زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بی ایریا بلاک 3 کریم آباد میں گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ،زخمیوں کی شناخت 55 سالہ اسماعیل ولد عبدالستار،22 سالہ عبید ولد محمد اسماعیل اور 20 سالی سمیر ولد محمد اسماعیل کے نام سے ہوئی،واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد آپس میں باپ بیٹے ہیں۔

متاثرہ عمارت کی پہلی منزل پر رہائش پذیر عینی شاہد محمد سلیم کے مطابق گراؤنڈ فلور پر واقع گھر کے اندر پہلے چھوٹا دھماکا ہوا ،فوراً نیچے اتر کر دیکھا تو متاثرہ مکان سے گیس اور دھویں کا اخراج ہورہا تھا تاہم گلی کے کونے تک ہی پہنچا تھا کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا جس سے گراؤنڈ فلور پر قائم گھر کی بیرونی دیوار گر گئی اور اطراف میں قائم دیگر رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹے اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ڈی ایس پی عزیز آباد محمد رضا نے بتایا کہ پولیس،بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو)اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔ڈی ایس پی عزیز آباد نے بتایا کہ بی ڈی یو رپورٹ کے مطابق گھر کی بیرونی دیوار کے ساتھ گیس کا میٹر نصب ہے جس سے گھر کے اندر آنے والے پلاسٹک کے پائپ سے گیس کا اخراج ہورہا تھا ، گھر کے اندر لیکیج کے باعث گیس بھر گئی اسی دوران چارجنگ پر لگے موبائل چارجر میں اسپارک سے دھماکا ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے کے عملے کو بلا کر متاثرہ مکان کا گیس کنکشن منقطع کردیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں