معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار اہم ہے ،خاتون اول

 معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار اہم ہے ،خاتون اول

کراچی(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار اہم ہے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو بہبود گرلز کالج اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کے زیر اہتمام بہبود ایسوسی ایشن کراچی میں منعقدہ یوم اساتذہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی ستائش بہت ضروری ہے ، اساتذہ اسکول کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے بہت محنت کرتے ہیں۔ طلبا کی بہتر تعلیم کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ، تعلیم کی فراہمی اہم ہے ،ہمیں تعلیم کے ذریعے تبدیلی لانی چاہیے ،لڑکیوں اور خواتین کو بااختیار بنانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے لڑکیوں کو تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا۔خاتون اول نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں کم شرح خواندگی کا چیلنج درپیش ہے ،خواتین کی شرح خواندگی مردوں کے مقابلے میں کم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں چھاتی کے کینسر پر بھی کام کر رہی ہوں۔خاتون اول نے کہا کہ صدر مملکت تعلیم پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26 ملین سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر کام کرنا ہے کیونکہ بابائے قوم نے بھی بچیوں کو تعلیم کی فراہمی کی بات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ باصلاحیت ہیں،تعلیمی نظام پر نظرثانی کی جائے ،ہمیں بچوں کی کردار سازی پر توجہ دینی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں