میئرکی ہرقبرستان پرسہولیاتی مرکز بنانے کی ہدایت

میئرکی ہرقبرستان پرسہولیاتی مرکز بنانے کی ہدایت

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شب برأت کے موقع پر قبرستانوں کی حدود اور راستوں پر روشنی کا انتظام ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کئے جائیں گے۔

ہر قبرستان پر سہولیاتی مرکز بنایا جائے گاجہاں پر سٹی وارڈن، 1122کی ایمبولینس، فائر ٹینڈر اور پینے کے پانی کا ٹینکر موجود ہوگا،قبرستانوں کے باہر گاڑیوں کی آمدورفت اور پارکنگ کے لئے سٹی وارڈنز کی ٹیم تعینات کی جائے گی،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کواپنے دفتر میں شب برأت کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنرایس ایم افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز، ڈائریکٹر جنرل پارکس، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن، ڈائریکٹر میونسپل سروسز،ڈائریکٹر قبرستان ،ڈائریکٹر سٹی وارڈن، چیف فائر آفیسر، چیف انجینئر الیکٹریکل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ شب برأت پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے آتی ہے لہٰذا گزشتہ تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام قبرستانوں پر چراغاں، صفائی اور آنے جانے کے راستوں کو ہموار بنانے کا مناسب انتظام کیا جائے ، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسزکو ہدایت کی کہ تمام قبرستانوں کی صفائی خاص طور پر محمد شاہ قبرستان، سخی حسن، میوہ شاہ ، عظیم پورہ اور ماڈل کالونی قبرستانوں کا دورہ کریں اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں