سندھ پبلک سروس کمیشن کا پرچہ بھی آؤٹ ،سیکنڈری اسکول ٹیچر کیلئے ٹیسٹ ملتوی،امیدواروں کا ہنگامہ

سندھ پبلک سروس کمیشن کا پرچہ بھی آؤٹ ،سیکنڈری اسکول ٹیچر کیلئے ٹیسٹ ملتوی،امیدواروں کا ہنگامہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈٖیسک)ایم ڈی کیٹ کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کا ٹیسٹ پیپر بھی ایک روز قبل آؤٹ ہوگیا، امیدواروں کے امتحانی ہال پہنچنے پر انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیسٹ ملتوی کردیا گیا ہے۔

 جس کے بعد انتظامیہ اور امیدواروں کے درمیان بد نظمی ہوئی، متعلقہ تھانے کی پولیس نے پہنچ کر معاملے کو حل کرانے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جامعہ این ای ڈی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کا محکمہ تعلیم کی بی پی ایس 16 سیکنڈری اسکول ٹیچر کی پوسٹ کیلئے میرٹ ٹیسٹ منعقد کیا گیا جو پرچہ آؤٹ ہونے کے سبب دوران امتحان ہی ملتوی کردیا گیا۔انتظامی عملے نے امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد کمرہ امتحان میں امیدواروں سے پرچے واپس لینا شروع کیے تو امیدوار مشتعل ہوئے اور انہوں نے پرچے پھاڑ کر کرسیاں پھینکیں جبکہ یونیورسٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔امیدواروں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ٹیسٹ کے وقت سے قبل پرچہ آؤٹ ہوا ہے ، جب امتحان شروع ہوا تو یہ وہی پرچہ تھا جو پہلے سے سامنے آیا، یہ سب کر کے میرٹ کے سسٹم کو تباہ کیا جارہا ہے ، سندھ میں تعلیمی نظام خراب ہوتا جارہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے ۔احتجاجی مظاہرے کے دوران انتظامیہ اور امیدواروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے عملے نے موقع سے نکلنے میں ہی عافیت جانی۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے مطابق 27 اور 28 فروری والے پرچے معمول کے مطابق ہوں گے جبکہ ملتوی ہونے والے پرچے اپریل میں ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں