اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کل احتجاج کریگی

 اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کل احتجاج کریگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)غزہ میں اسرائیل کی جاری بدترین دہشت گردی، اسپتالوں اور اسکولوں سمیت رہائشی علاقوں میں بمباری اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے تحت جمعہ (کل)کو شہر بھر میں 100سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے ۔

مظاہروں سے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع اور مقامی ذمہ داران خطاب کریں گے ۔ مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی، اسرائیل اور امریکہ و برطانیہ سمیت اسرائیل کی سرپرستی کرنے والے دیگر ممالک کی مذمت کریں گے ۔ چار ماہ سے زائد عرصے سے جاری اسرائیل کی دہشت گردی اور مسلسل بمباری نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ حتیٰ کہ اسکولوں اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ جنگی قوانین کے مطابق رہائشی علاقوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے نہیں کیے جاتے لیکن اسرائیل جنگی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو کر جنگی جرائم کر رہا ہے اور اب تک تقریباً30ہزار فلسطینی جن میں مرد و خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، شہید کیے جاچکے ہیں۔ ان حالات میں مسلم حکمرانوں پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ فلسطین کے مسلمانوں کی سیاسی، سفارتی، عسکری اور مالی امداد کریں اور اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں