عوام کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ،فراز حسیب

عوام کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ،فراز حسیب

کراچی (این این آئی)عوام کو صحت مند تفریح کے ساتھ خوش گوار ماحول کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے یونین کمیٹی نمبر4 ابن سینا میں نرسری پارک اور یونین کمیٹی نمبر 6 ڈاکخانہ میں رضوان پارک کے دورے کے موقع پر کیا۔

چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن نے یوسی 4 میں واقع نرسری پارک کو ماڈل پارک بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کو سرسبز و شاداب بنائیں گے ، ٹاؤن کے اجڑے ہوئے پارکوں کی بحالی ہمارا مشن ہے ۔ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لیاقت آباد ٹاؤن کے پارکس، گرین بیلٹس، اورچورنگیوں پر جاری تزئین و آرائش اور بیوٹی فکیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو خوشگواراور صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے ا ور عوام کو صحت مند تفریح کی سہولت ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکے ۔ انہوں نے محکمہ باغات اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں میں قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جا ئے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان فیملی پارکس کو منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہ نہ بننے دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آبادٹاؤن کے پارکس اورگرین بیلٹس کو خوشنما بنانے کیلئے ٹاون کی نرسریز میں تیار کئے گئے نایاب نسل کے پھول دار پودے لگائے جارہے ہیں، محکمہ پارکس کا عملہ بھر پور انداز میں پارکوں کی بحالی اور سجاوٹ کے کام میں مصروف ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں