سازش سے سرکاری اداروں کو بدنام کیا جاتا ہے ،میئر کراچی

سازش سے سرکاری اداروں کو بدنام کیا جاتا ہے ،میئر کراچی

کراچی (آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ملک میں تفریق کی فضا ہے ، سرکاری اداروں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بدنام کیا جاتا ہے ،میری نسل کو ہڑتالوں والا شہر ملا ۔۔

 چاہوں گا کہ میرے اور سب کے بچوں کیلئے پرامن اور خوشحال شہر ہو اور ہم اپنے تاریخی ورثے کو اپنائیں،ہمیں کھیل کے میدانوں کو آباد کرکے نوجوانوں کے لئے صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے ہیں،کراچی کو ٹھیک کرنے کے لئے لندن یا کینیڈا سے کوئی نہیں آئے گا،دلوں کو جوڑیں اور ایک دوسرے کو اپنائیں تو اس شہر اور صوبے کے مسائل حل ہوجائیں گے ۔یہ بات انہوں نے کراچی جیم خانہ میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت ڈیجیٹل سندھ پر سیمینار اور نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میئر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم تعصب کی منفی سوچ لے کر چلے تو کہنا شروع کردیا کہ یہاں کچھ نہیں ہے حالانکہ ہمارے شہر اور صوبے میں بہت کچھ موجود ہے مگر یہ لوگوں کی نگاہوں سے چھپا ہوا ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے تاریخی ورثے کو روشناس کرایا جائے اور اس کے تحفظ کا بندوبست کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈینسو ہال میں پہلا میٹروپولیٹن میوزیم بنا رہی ہے اس میوزیم میں کراچی کے متعلق تمام تر تاریخی مواد اور دستاویزات دستیاب ہوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں