ٹھل:بنگلانی برادری کے 2گروپوں میں تصادم، ایک ہلاک

ٹھل:بنگلانی برادری کے 2گروپوں میں تصادم، ایک ہلاک

ٹھل (نمائندہ دنیا) تھانہ مبارک پور کی حدود گوٹھ یعقوب بنگلانی میں بنگلانی برادری کے دو گروپوں میں تصادم، گولی لگنے سے سجاد ولد تگیو ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے متوفی کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے جیکب آباد اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔

 پولیس واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے ۔ نوڈیرو کی مہدی شاہ کالونی کے رہائشی 16 سالہ سہیل کڑیو نے خود کو کمرے میں بند کر کے گولی مار کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے نوڈیرو اسپتال پہنچادی۔ سکھر میں نیو پنڈ برج سے نامعلوم ڈاکو اسلحے کے زور پر عمران راجپوت کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ۔ متاثرہ شخص کے مطابق پولیس کو بر وقت اطلاع دی ، مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔  لاڑکانہ سے نمائندہ دنیا کے مطابق ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے ضلع جیکب آباد کے علاقے تھانہ پنہوں بھٹی اور دوداپور میں سیاہ کاری کے الزام میں مسماۃ حاجراں کٹوہر، بابو عرف رحم علی لوہر بروہی، امین کٹوہر کو قتل اور محرم کٹوہر کو زخمی کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ۔ دوسری جانب انچارج مددگار بیس ٹو نے ڈکیتی مقدمات میں ملوث روپوش ملزمان الطاف ابڑو اور خادم ابڑو کو موٹرسائیکل سمیت، نوڈیرو پولیس نے دو منشیات فروشوں کامران موہل اور وارث بھٹو کو ایک کلو سے زائد چرس سمیت، وارث ڈنو ماچھی پولیس نے منشیات فروش شیر شاہ کو آدھا کلو چرس سمیت، اللہ آباد پولیس نے بشیر ابڑو کو 9 کلو سے زائد گٹکے سمیت گرفتار کرلیا۔ بقاپور پولیس نے ضلع گھوٹکی کے تھانہ اے سیکشن کی حدود سے چھینی جانے والی موٹرسائیکل ،چھینی گئی نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیا۔ پڈعیدن سے نمائندہ دنیا کے مطابق مورو تھانے کے اے ایس آئی مجید ڈہر نے اہلکاروں کے ہمراہ جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارا تو اس دوران 10 سے زائد افراد نے پولیس پر اینٹوں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے ،جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ دوسری کارروائی میں مورو پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایک ڈاکو سجاد الیاس کو گرفتار کرلیا گیا۔نیوجتوئی اور ہالانی تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں چھینی گئی 3 موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں