پی ایس ایل کیلئے غیرمعمولی انتظامات کیے جائیں،آئی جی

پی ایس ایل کیلئے غیرمعمولی انتظامات کیے جائیں،آئی جی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں 28فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن 9 کے موقع پر سیکیورٹی وٹریفک انتظامات کا احاطہ کیا گیا اور مزید رہنما ہدایات جاری کی گئیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی و ٹریفک پلان کی ترتیب میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں و ایجنسیوں کی مشاورت و تجاویز کو بھی اہمیت دی جائے جبکہ اس ضمن میں پی سی بی کے نمائندگان و عہدیداران کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔ باصلاحت،محنتی اورتجربہ کار افسران اور اہلکاروں سے سیکیورٹی خدمات کو یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں تھریٹس اور خفیہ معلومات کو نظرانداز نہ کیا جائے اور اس ضمن میں پیشگی اور قبل از وقت انسدادی اقدامات کو ہر سطح پر ممکن بنایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر سے بہتر ٹریفک سہولیات کے ضمن میں سڑکوں وشاہراہوں کو غیر ضروری طور پر ہر گزبند نہ کیا جائے ۔ اجلاس میں شریک ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی رسپانس نے بتایا کہ پی ایس ایل کرکٹ میچز کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے کم و بیش 5600 پولیس اہلکار فرائض انجام دینگے جبکہ پی ایس ایل میچز میں شامل تمام ملکی و غیرملکی کرکٹرز، کوچز، اسٹاف و دیگر مندوبین کومسلسل 24 گھنٹے سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے بتایا کہ شہریوں کو ٹریفک کے متبادل روٹس سے آگاہ رکھنے کے لیئے ٹریفک اقدامات پر مشتمل پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں