ناخواندگی کا خاتمہ، نامور کھلاڑیوں کی اشیا آج نیلام

ناخواندگی کا خاتمہ، نامور کھلاڑیوں کی اشیا آج نیلام

کراچی(نیوز ڈیسک)ملک کے مایہ ناز کھلاڑی شاہد آفریدی اور جہانگیر خان آج (بدھ)ایک تقریب میں شرکت کریں گے جہاں ان کی اور ملک کے دوسرے نمایاں کھلاڑیوں کی بیش قیمت یادگار اشیاء کی نیلامی کی جائے گی تاکہ سندھ کے تعلیم کے شعبے میں جاری ایک فلاحی مہم کو مزید آگے بڑھانے کے لیئے مالی وسائل میسر آسکیں۔

تقریب کا اہتمام تعلیم کے شعبے سے وابستہ غیر منافع بخش ادارے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) مل کر کر رہے ہیں ۔ایس اے ایف اور جی سی ٹی کے فلاحی اسکولوں میں پسماندہ گھرانوں کے تقریباً 35ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔دونوں اداروں نے اپنے قیام سے اب تک سندھ کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں کئی ایک فلاحی اسکول قائم کیے ہیں۔اس موقع پر جن دوسرے مایہ ناز کھلاڑیوں کی نادر اشیاء کی نیلامی ہوگی ان میں جاوید میانداد، جان شیر خان، سمیع اللہ، کلیم اللہ، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ فلاحی مقصد کے لیئے منعقد ہونے والی اس نیلامی کے موقع پر کراچی کے 250 سے زائد نمایاں تاجر اور صنعت کار موجود ہوں گے ۔ شاہد آفریدی نے امید کا اظہار کیاے کہ تاجر برادری پسماندہ علاقوں کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کی فلاحی مہم میں معاون ثابت ہوگی۔ زاہد سعید کا کہنا ہے کہ ان کا فلاحی ادارہ تمام مستند غیر سرکاری اداروں اور مخیر حضرات کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں