بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کی آرائش کے کام کا افتتاح

بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کی آرائش کے کام کا افتتاح

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بوٹ بیس فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کو عوام کیلئے سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے ۔

دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہزاروں لوگ روزانہ یہاں آتے ہیں اور کھانا کھاتے ہیں، ہوٹل والوں اور آنے والوں کو یہاں اچھا ماحول ملے گا۔ بلاول ہاؤس سے لے کر نجی ہوٹل تک سڑک مکمل طور پر بنائی ہے ۔ سیوریج کا نظام ڈالا ہے اور واش رومز تعمیر کئے ہیں۔علاوہ ازیں تین ہٹی تا ڈاک خانہ لیاقت آباد میں سیوریج نظام کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نئی اور نوجوان سوچ ہی کراچی کو آگے لے کرجائے گی، سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ، ہمارا ایک ایک کارکن اس اعتماد پر پورا اتر ے گا،بلاول بھٹو، آئندہ وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی میں کے فور منصوبے کیلئے اعلان کردہ 125 ارب روپے دینے کا وعدہ پورا کرائیں گے ،کہاں سے کون انتخابات میں جیتا اور کون نہیں جیتا، اس سے قطع نظر،بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کراچی کے ہر ٹاؤن اور ہر ضلع میں کام کررہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کی کمٹمنٹ ہے کہ ہمارے منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پورے کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں