ماسک اور ٹوپی لگا کر بھیجا جاتا،بھتہ خوروں کا انکشاف

ماسک اور ٹوپی لگا کر بھیجا جاتا،بھتہ خوروں کا انکشاف

کراچی (این این آئی) شہر قائد میں کلاکوٹ پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں 2 ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایک ملزم نے ویڈیو بیان میں کئی انکشافات کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے دو بھتہ خور عرفان میمن اور جان محمد جانی کو گرفتار کیا تھا۔۔

عرفان میمن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ گینگ وار وصی اللہ گروپ کا اہم کارندہ ہے ۔ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے بتایا کہ ملزم عرفان میمن نے کچھ عرصے قبل بغدادی میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی تھی، سی سی ٹی وی میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے ، عرفان بھتہ خوری کا منظم نیٹ ورک بنا رہا تھا،بھتہ خوری اور فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ملزم کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے اعتراف کیا میں وصی اللہ لاکھو کے لیے کام کرتا ہوں، اور کراچی میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیتا ہوں، بھتہ نہ دینے پر وصی اللہ لاکھو ٹائٹل دینے کا کہتا ہے ۔ٹائٹل کا مطلب تاجر کو ڈرانا یا دھمکانا ہوتا ہے ، کارروائی سے پہلے ماسک اور ٹوپی لگا کر بھیجا جاتا ہے ، وہاں دوسرے لڑکے بھی ایسا ہی حلیہ بنا کر آ جاتے اور پھر ہم سب مل کر جاتے اور تاجر کو دھمکاتے ہیں۔اس نے کہا ہم تھوڑی سی گولیاں چلاتے ہیں اور بھائی سے رابطے کا کہتے ہیں، اور کہتے ہیں اگلی مرتبہ سر پر گولیاں مار کر جائیں گے ۔ اس نے مزید بتایا ہمیں فی ٹرپ 8 سے 10 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے ملتے ہیں، ہم تمام افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں