جی ڈی اے کے احتجاج پر تشدد کیخلاف سندھیانی تحریک کامظاہرہ

 جی ڈی اے کے احتجاج پر تشدد کیخلاف سندھیانی تحریک کامظاہرہ

حیدرآباد(نمائندہ دنیا )کراچی میں احتجاج کے دوران قومی عوامی تحریک ،جی ڈی اے ویگر کے رہنماؤں و کارکنان پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف قومی عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک حیدرآباد کی جانب سے پارٹی رہنماؤں خادم حسین سموں، عباس پٹھان ،رشنا پٹھان اور شائستہ ابڑو کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں جعلی الیکشن کے خلاف جی ڈی اے کی اپیل پر سندھ اسمبلی کراچی کے سامنے کئے جانے والے احتجاج کو روکنے کے لئے پولیس نے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کیا جبکہ سندیانی تحریک کی مرکزی صدر زینت سموں اور دیگر خواتین کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں جعلی الیکشن کرا کر من پسند انتخابی نتائج حاصل کئے گئے جبکہ الیکشن میں کامیاب امیدواروں کو ناکام دکھا کر ملک کی ڈور کرپٹ اور ناہل زرداری مافیا اور نواز لیگ کے ہاتھوں میں سونپ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک کے عوام انتخابی نتائج کو مسترد کر تے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں،بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ پورے سندھ تک پھیلایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں