بے رحم ڈاکو ؤں کے وار،رواں سال 26 ہلاکتیں

بے رحم  ڈاکو ؤں  کے  وار،رواں سال 26  ہلاکتیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رواں سال شہر قائد میں بے رحم ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 26ہوگئی ہے ، جن میں 2سالہ کمسن بچی کی شامل ہے جبکہ درجنوں شہری زخمی ہو چکے ہیں ۔

 دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی مزاحمت پر نہتے شہریوں کے جاں بحق ہونے پر شہری پھٹ پڑے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس شہرمیں امن وامان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔شہریوں کے مطابق نہتے لوگوں کو بے رحم ڈکیتوں کے رحم وکرم چھوڑ دیا گیا ہے ۔ نا اہل پولیس افسران اپنے دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کی رپورٹ کرتے جب کہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ مسلح ڈکیت بازاروں، شاہراہوں اور علاقوں میں کھلے عام وارداتوں میں مصرف ہیں، جنہیں روکنے والا کوئی نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک مقامی اوراہل پولیس افسران تھانوں میں تعینات نہیں کیے جاتے اس وقت تک شہر میں حالات بہتر ہونے کی کوئی امید نہیں ہے ۔مزید برآں غربی پولیس نے بنارس پل کے مقام پر ہونے والی دہرے قتل کی تحقیقات شروع کردی۔جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی ٹیلر ماسٹر تھے جو ملازمت سے واپسی پر واردات کانشانہ بنے ۔بڑے مقتول معیز کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی چھوٹا بھائی عبدالحنان حال ہی میں 18برس کا ہوا تھا۔

ایس ایچ او پیرآباد شاہد تاج کے مطابق مقتولین بھائی جمعہ کو بورڈآفس کی جانب موٹر سائیکل پر بنارس فلائی اوور سے گزر رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے انہیں اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹ مار کی، اسی دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں سگے بھائی شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا توایک بھائی دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا بھائی ہفتے کی شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق مسلح ڈکیتوں کی جانب سے 2سے 3فائر کیے گئے ، تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ دونوں بھائیوں کو ایک ہی گولی لگی، جس سے دونوں زخمی ہوئے اور دوران علاج دم توڑ گئے ۔ مسلح ملزمان مقتول بھائیوں سے ایک موبائل فون چھین کرفرار ہوئے ہیں۔ پولیس واقعے کے حوالے سے تفتیش کر رہی ہے تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔جائے وقوعہ سے غربی پولیس نے 30 بور اور 9MMکے ہتھیار برآمد کئے ہیں دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ منگھوپیر کے الطاف نگر کے خیر آباد میں ادا کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں