ٹریلر نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ،ڈرائیورجاں بحق

ٹریلر نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ،ڈرائیورجاں بحق

محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) لغاری تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر سدوجا کے قریب ڈاکوؤں نے ٹریلر کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ روکنے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاوید اعوان شدید زخمی ہوگیا۔

لغاری پولیس کے مطابق زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیاجب کہ ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے ۔لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثائکے حوالے کردی گئی ۔پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں محراب پورسے نمائندے کے مطابق بندوق سے کھیلتے ہوئے گولی چل جانے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق مٹھیانی پولیس تھانہ کی حدود گاؤں رحیم خان مشوری میں بچے گھر میں رکھی بندوق سے کھیل رہے تھے کہ اس دوران چھیڑ چھاڑ میں بندوق چل گئی جس کی زد میں آکر 8 سالہ رمیز مشوری جاں بحق ہوگیا جبکہ 6 سالہ بچی زخمی ہوگئی ۔ سکھر کے تھانہ آباد کی حدود ملڑی روڈ پر تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے باگڑجی کے رہائشی لوکل گورنمنٹ آفیسر صدر الدین عباسی جو کہ اپنے بیٹے کیساتھ گھر جارہے تھے کو راستے میں گولیاں مار دیں ،گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا ۔ فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال روانہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں