یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قلت،خریدار خالی ہاتھ لوٹنے لگے

یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قلت،خریدار خالی ہاتھ لوٹنے لگے

سکھر(نمائندہ دنیا)سکھر اور دیگر نواحی علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز میں سامان کی قلت کے باعث روزانہ سیکڑوں افراد خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبورہوگئے ۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے سکھر سمیت دیگر نواحی علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز میں گھی، آٹا، چینی، پتی اور دیگر سبسڈائز اشیاء دستیاب نہ ہونے کے باعث روزانہ سیکڑوں مرد و خواتین کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑ رہا ہے ۔دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹور ز پر ضروری اشیائے خورونوش کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے ملٹری روڈ چوک پر ابراہیم ، توفیق ، مبین ، مسلم خان و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعریبازی کی ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ عام مارکیٹوں اور دیہی علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر آئے روز اشیا ئے خورونوش کی قیمتیں آئے روز بڑھنے کے باعث دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ یوٹیلیٹی اسٹور سے سبسڈائز اشیاء خریدنے کو ترجیح دیتاہے لیکن افسوس رمضان سے قبل ہی یوٹیلیٹی سٹورز میں اشیا کی قلت پیدا کردی گئی ہے جو سراسر ظلم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھر میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز میں روز مرہ ضرورت کی اشیا ء دستیاب نہیں ہوتی ، اسٹور اورسکھر انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوٹیلیٹی اسٹور پر سامان پہنچنے کے بعد وہاں تعینات عملہ من پسند دکانداروں کو اشیاء فروخت کر دیتا ہے ،جس کے باعث اسٹورز سے عوام کو مایوس لوٹنا پڑتا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیا ء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں اوردکانداروں کو سامان فروخت کرنے میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کریں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں