جعفر آباد میں 50جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

جعفر آباد میں 50جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

جعفر آباد(نمائندہ دنیا )سماجی تنظیم احساس انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے سنگار میرج ہال ڈیرہ اللہ یار میں 50 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی ۔۔۔

جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء میر اورنگ زیب خان جمالی، جماعت اسلامی کے رہنماء مٹھا خان بادینی، معظم خان بھنگر، سرکاری و سماجی شخصیات اور صحافیوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء میر اورنگ زیب خان جمالی نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کو فروغ دینے سے أن غریب خاندانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی جن کی بیٹیاں اور بیٹے غربت کی وجہ سے زیادہ عمر تک پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے تمام سماجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ گورنمنٹ کے ساتھ ملکر بلا تفریق رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔ تقریب کے آرگنائزر ظفر علی حیدری نے کہا کہ سروے کے بعد نصیر آباد ضلع کے پانچ اضلاع میں سے 50 ایسے مستحق جوڑوں کو منتخب کیا گیا ہے جن کی غربت اور جہیز کی وجہ سے شادی رکی ہوئی تھی ۔ان کاکہناتھاکہ سماجی تنظیم کی جانب سے دلہنوں کو گھریلو اشیاء پر مشتمل جہیز پیکیج جبکہ دولہوں کو ذاتی کاروبار کے لیے 2،2 لاکھ روپے نقددیے گئے ہیں۔ مہمانوں کے لیے دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیاہے ۔تقریب کے آخر میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے خصوصی دعا کی گئی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں