رمضان سے قبل ہی گرانفروش بے لگام ،اشیامہنگی کردیں

 رمضان سے قبل ہی گرانفروش بے لگام ،اشیامہنگی کردیں

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی گرانفروش سرگرم ہوگئے ،کھانے پینے کی اشیاء میں من مانا اضافہ کرکے لوگوں کی چینخیں نکلوا دی ہیں، زخیرہ اندوز بھی متحرک ہو گئے ۔۔۔

 وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان کیلئے کسی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سستے بازار لگانے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جبکہ مارکیٹ کمیٹی بھی غیر فعال ہے ۔اطلاعات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں نے اشیائے خورو نوش کی بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی قلت پیدا کر دی ،جس کی وجہ سے چینی، دال،چاول، مشروبات، بیسن، پکوان تیل،کھجور اور سحر و افطار میں استعمال ہونے والی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا جب کہ سبزی، فروٹ، مرغی، چھوٹے اور بڑے جانوروں کے گوشت کے نرخ بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئے ۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تاحال رمضان پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا،جبکہ ضلعی انتظامیہ کے تحت بھی بچت بازاروں کے انعقاد کیلئے کوئی اقدامات نظر نہیں أٓرہے ہیں ،میرپورخاص کی مارکیٹ کمیٹی بھی غیر فعال ہے ۔ اس حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے تو ماہ صیام میں تو مہنگائی سرچڑھ کر بولی گی ۔شہریوں نے حکمرانوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کو لگام دی جائے اور مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ریلیف فراہم کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں