شہری کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکوؤں کیخلاف مقدمات درج

 شہری کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکوؤں کیخلاف مقدمات درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی زمان ٹاؤن میں گزشتہ رات مبینہ طور پر واردات کرکے فرار ہونے والے دو ڈاکو مارے گئے ۔ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت 18 سالہ عبدالرحمان ولد امیر حسین اور 23 سالہ عبدالخالق ولد حسن علی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق عینی شاہدین اور لٹنے والے افراد نے بھی ہلاک ملزمان کو شناخت کرلیا تاہم تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے لوٹ مار، ناجائز اسلحہ رکھنے اور شہری کی فائرنگ سے ڈاکوؤں کی ہلاکت کے الگ الگ تین مقدمات درج کرلیے ۔ پہلا مقدمہ نمبر 193/24 لوٹ مار کی دفعات کے تحت شہری بابر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ دوسرا مقدمہ 194/24 شہری عبد الاحد کی مدعیت میں لوٹ مار کی دفعات کے تحت درج کیا گیا جبکہ تیسرا مقدمہ نمبر 195/24 سرکار مدعیت میں ملزمان سے اسلحہ برآمدگی کا درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات کورنگی ڈھائی نمبر پر شہری عبد الاحد نے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے چار ملزمان میں سے دو کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ہلاک ڈاکو کورنگی سیکٹر 51 ڈی جمعہ گوٹھ کے رہائشی اور گہرے دوست تھے ۔ڈاکو اپنے گھر والوں کو قبرستان جانے کا بتا کر نکلے تھے ۔پولیس نے بتایا کہ مارے گئے ڈاکوؤں سے چھینا ہوا موبائل فون، پرس اوراسلحہ بھی برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے عبدالخالق کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا جس کے جسم پر 8 گولیاں لگیں۔ فائرنگ سے ہلاک عبدالرحمن کے اہلِ خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا جسے 3 گولیاں لگی تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں