پی ایس ایل میچز،جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا

پی ایس ایل میچز،جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں 28 فروری سے 18 مارچ تک کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز کے حوالے سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ۔

سیکیورٹی پلان کے مطابق مجموعی طور ایس ایس یو کے 1000کمانڈوز، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ، ریپڈ ریسپانس فورس، ڈسٹرکٹ پولیس، سندھ رینجرز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ہمراہ اسٹیڈیم، پریکٹس گراؤنڈ، کراچی ائرپورٹ، روٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام د یں گے جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کئے جائیں گے ۔ ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس بھی اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کیلئے اسٹیڈیم پرتعینات ہوگی۔جدید تربیت یافتہ اور اسلحہ سے لیس کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز پرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔ایس ایس یو کے اعلامیہ کے مطابق عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام سڑکیں /شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ایس ایس یو کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلئے نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ پارکنگ کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔تماشائیوں کو مکمل رہنمائی اور مدد فراہم کرنے کے لیے ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوژر تک موجود ہونگے ۔شائقین کوشناخت کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ لازمی رکھنا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں