فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں میئر کراچی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور کرام اللہ وقاصی، پی پی رہنما سید نجمی عالم، دل محمد سمیت سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، چیف انجینئر سیوریج آفتاب چانڈیو، چیف انجینئر واٹر حنیف بلوچ، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو سمیت تمام سپریٹنڈنٹ انجینئرز موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی نے اجلاس کے دوران واٹر کارپوریشن کے تمام اضلاع کے سپریٹنڈنٹ انجینئرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور لائنوں کی صفائی، ٹوٹے مین ہولز کی تعمیر، دھنسنے والی سیوریج لائنوں کی تبدیلی سمیت دیگر امور مکمل کیے جائیں اور تمام ٹاؤن چیئرمین اور یو سیز چیئرمین کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا شہر کی روز بروز بڑھتی آبادی کے پیش نظر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنا ہمارے منشور میں شامل ہے ، اس لیے شہر کی مزید بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں جبکہ نئے ایکٹ کے تحت کراچی واٹر کارپوریشن کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں