ملک کے 85 جامعہ افسران کو کوالٹی ایشورنس کی تربیت

ملک کے 85 جامعہ افسران کو کوالٹی ایشورنس کی تربیت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ’’ایچ ایس سی کا نیا QA فریم ورک‘‘ کے عنوان سے ورکشاپ سیریز کے دوسرے سیشن کا انعقاد کیا۔

اجلاس میں سندھ سے 30 افراد نے شرکت کی جبکہ ملک بھر سے 55 افراد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔شرکاء میں پاکستان بھر کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے کوالٹی ایشورنس پروفیشنلز اور سینئر مینجمنٹ کے افسران شامل تھے ۔ ایونٹ کا بنیادی مقصد نئے فریم ورک میں درپیش مسائل اور انکے حل کی ضروریات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے معیارات 9 سے 16 تک کا جائزہ پیش کیا۔شیخ الجامعہ پروفیسر امجد سراج میمن نے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں ورکشاپ سیریز کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کی کامیابی ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔سندھ ایچ ای سی سے کوالٹی ایشورنس کے ڈائریکٹر سلیم الدین نے کہا کہ ایچ ای سی سندھ کے تعاون سے جے ایس ایم یو کے کیو ای سی ڈپارٹمنٹ کا یہ اقدام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار کی یقین دہانی کے طریقوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر ثریا خاتون نے اجلاس کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں