یو ایس ایڈ کے تحت 106جدید اسکول مکمل فعال

یو ایس ایڈ کے تحت 106جدید اسکول مکمل فعال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت جدید طرز کے 106اسکولوں کی تعمیر کے سنگ میل کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔

تقریب ضلع ملیر کے گورنمنٹ ہائی اسکول دنبہ ولیج میں منعقد ہوئی جہاں طلبہ کی قومی اور ثقافتی دھنوں پر رنگا رنگ پرفارمینس دیکھنے کو ملی ۔تقریب کے مہمان خصوصی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہااعلیٰ معیار کی بنیادی تعلیم ہر بچے کیلئے کامیابی کی ایک سیڑھی ہے اور ہمیں یقین ہے ہم نے بہترین سرمایہ کاری کی ہے ہمیں ان اصلاحات کا جال سندھ سمیت پورے پاکستان میں پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ تمام بچے ترقی و تعلیم کے مواقع سے یکساں استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا سندھ حکومت کیساتھ شراکت داری کے نتیجے میں صوبے میں زیادہ سے زیادہ بچوں کی تعلیم تک رسائی یو ایس ایڈ کیلئے باعث فخر ہے سندھ میں 80 ہزار طلبہ یو ایس اے آئی ڈی کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت تعلیم سے مستفید ہورہے ہیں سال 2011 میں 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کی مالی تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن کی بنیاد رکھی گئی تھی اس تعلیمی منصوبے کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں جدید طرز پر عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اسکولوں میں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اسکولوں میں تعینات کیے جانے والے اساتذہ کو پہلے تعلیمی میدان کے جدید تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر ٹرینڈ کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں