کے ڈی اے رواں ماہ اراضیوں کی نیلامی کرے گی

کے ڈی اے رواں ماہ اراضیوں کی نیلامی کرے گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی رواں ماہ سرکاری اراضیوں کو نیلام کرے گی، اس ضمن میں تمام ضروری کارروائی کو مکمل کرتے ہوئے شہر بھر میں موجود کے ڈی اے اراضیوں کو نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ نیلامی کے بعد ادارہ ترقیات کراچی میں معاشی مسائل میں واضح کمی واقع ہوگی۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے آکشن کے حوالے سے طلب کردہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آکشن میں پیش کی جانے والی کے ڈی اے اراضیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور استصواب رائے سے آکشن کے لئے سرکاری اراضیوں کو منتخب کرتے ہوئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نوید انور نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کے لئے آکشن تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کہ تمام تر اراضیاں میرٹ کی بنیاد پر نیلام کی جائیں اور اچھی پیشکش کو ترجیحات میں رکھتے ہوئے بولی دہندگان کو سرفہرست رکھا جائے ۔ آکشن کے پہلے مرحلہ میں کورنگی ٹان، نارتھ کراچی، اولڈ ناظم آباد اور سرجانی ٹان میں موجود متعدد کے ڈی اے پلاٹوں کو نیلام عام کیا جائے گا،نیلامی پروگرام کے ڈی اے کی ویب سائٹ اور فیس بک پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ نیلامی کے دوران شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ اداروں کو لیٹر جاری کردیئے گئے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں