شہری نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں ،ڈپٹی میئر

 شہری نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں ،ڈپٹی میئر

کراچی(این این آئی) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداﷲمراد نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد تمام بڑی شاہراہیں اور راستے مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کلیئر ہیں۔۔۔

بارش سے قبل نالوں کو صاف کیا گیا تھا جس کے باعث بارش کا پانی برساتی نالوں میں چلا گیا ہے ، بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی مکمل طور پر فعال ہے اور اپنے تمام محکموں کے ہمراہ کام کر رہی ہے ، یہ بات انہوں نے بارش کے بعد نیشنل ہائی وے اور شہرکے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے موقع پر کہی، اس موقع پر ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے حکام اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداﷲ مراد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ٹاؤنز میونسپل کارپوریشن باہمی اشتراک سے کام کررہی ہے اور دونوں اداروں کا عملہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیت مختلف محکمے متحرک ہیں اور اس حوالے سے متعلقہ شہری اداروں کے ساتھ باہمی رابطے میں ہیں۔ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ شہری نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور اس سلسلے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں، شہر کے وسیع تر مفاد میں سیوریج اور برساتی پانی کی نکاسی اور نالوں کی مسلسل صفائی کے لئے اقدامات جاری رہیں گے اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ شہریوں کو اس حوالے سے سہولیات فراہم کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں