جعلسازی سے بنی حکومت 6ماہ بھی نہیں چل سکے گی، حلیم عادل

جعلسازی سے بنی حکومت 6ماہ بھی نہیں چل سکے گی، حلیم عادل

حیدر آباد (نمائندہ دنیا) تحریک انصاف کے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ جب تک پی ٹی آئی کا چھینا ہوا مینڈیٹ واپس نہیں کیا جائیگا اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔۔۔

 جعلسازی سے بنائی جانے والی حکومت 6 ماہ بھی نہیں چل سکے گی اور ان جماعتوں کی سیاست دفن ہوجائیگی، اگر پرامن طریقے سے حقوق نہ دئیے گئے تو پھر ہم بھی ڈنڈا اٹھانے پر مجبو ر ہوں گے ۔ وہ حیدرآبادپریس کلب کے سامنے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ریحان راجپوت ، ڈاکٹر مستنصر باﷲ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہاکہ 8فروری کو انتخابات میں سندھ سے پی ٹی آئی کے 22ایم این ایز اور 38ایم پی ایز کی نشستیں چھینی گئیں، جو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کو مال غنیمت کے طورپر دے دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی وزیراعظم ہوں گے ، لٹیروں کو ایک ایک چیز کا جواب دینا ہوگا، اب یہ لاقانونیت زیادہ نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے لیکن انہیں دھاندلی کرکے ہرایا گیا، ہمارے عہدیداروں اور امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ، پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جنگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور وزارت عظمیٰ کے حصول تک جاری رہے گی، اب جلد ہی سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا صفایا کریں گے کیونکہ سندھ کے عوام بھی اب بیزار ہوگئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں