تیزاب پھینک کر 3 افراد کو زخمی کرنے کا ملزم گرفتار

تیزاب پھینک کر 3 افراد کو زخمی کرنے کا ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب نجی کوچنگ سینٹر کے ٹیچر نے طالبہ سمیت 3 افراد پر تیزاب پھینک کر زخمی کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

 پولیس کے مطابق واقعہ نیپا چورنگی کے قریب قائم نجی کوچنگ سینٹر ہے اندر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر کوچنگ سینٹر کے ٹیچر نے تیزاب پھینک کر 21 سالہ طالبہ علیشا اور اس کے دو ماموں نعمان اور فیضان کو زخمی کردیا جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ عزیز بھٹی میں طالبہ کے زخمی ماموں نعمان کی مدعیت میں درج کرکے ملزم افتخار حسین ارشد کو گرفتار کرلیا گیا۔مدعی نے بیان دیا کہ اس کی 21 سالہ بھانجی علیشا نیپا چورنگی پر قائم ساحل کوچنگ سینٹر میں پڑھتی ہے، علیشا نے بتایا کہ اس کے کوچنگ کے سر افتخار حسین ارشد نے اس کے ساتھ بدتمیزی کی اور اس کا کمپیوٹر کورس سرٹیفکیٹ بھی روک لیا ہے ۔مدعی نعمان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی فیضان اور بھانجی علیشا کے ساتھ کوچنگ گیا اور افتخار حسین ارشد سے جب سرٹیفکیٹ مانگا تو بدتمیزی کرنے اور جھگڑنے لگا،ملزم نے مبینہ طور پر بوتل میں موجود تیزاب ان تینوں پر پھینک دیا جس سے وہ زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعہ کی مزید تحقیقات اور گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں