خستہ سڑکوں اور پلوں کی مرمت کی ہدایت

خستہ  سڑکوں  اور  پلوں  کی  مرمت  کی  ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے )نوید انور کا شہر بھر میں قائم رین ایمرجنسی سینٹرز کا 6 گھنٹے طویل ہنگامی دورہ۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نوید انور نے کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں گزشتہ روز شدید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ نوید انورنے اسکیم 33، اسکیم 36 گلستان جوہر، کورنگی ٹاؤن، کلفٹن، منصورہ اور اسکیم 41 سرجانی ٹاؤن کے تفصیلی دورہ کے موقع پر متعلقہ افسران و ملازمین کی جانب سے بارش سے نمٹنے کے لئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیمز میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی رپورٹ نہیں ہوئی جو کہ باعث اطمینان ہے ۔ حالیہ بارش کے دوران متعلقہ افسران و ملازمین نے اپنے فرائض بخوبی ادا کئے جس پر ادارہ ترقیات کراچی ان کی خدمات کو قابل قدر نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ ایگزیکٹو انجینئر اسکیم 33 عامر قریشی ایڈیشنل ڈائریکٹر تجمل غالب نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی کو اسکیم 33 کے دورہ کے موقع پر ختم نبوت چوک، فاریہ چوک اور سونگل نالہ کے پیچھے خستہ حال روڈز و پل کی نشاندہی کی جس کے بعد ڈی جی کے ڈی اے نے ایکشن لیتے ہوئے چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع کو احکامات جاری کئے کہ ہنگامی طور پر خستہ ہال روڈز و پل کی مرمت و تعمیرات کی جائے تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران مقامی افراد کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے ، ادارہ شہر بھر میں وسائل میں کمی کے باوجود بلا تفریق شہریوں کی خدمت کررہا ہے ۔ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ماضی میں شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے خدمات نمایاں رہی ہیں اور اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مثبت پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ کراچی کی نوے فیصد ترقی ادارہ ترقیات کراچی نے کی، بڑے رہائشی کامیاب پروجیکٹس اور صنعتی علاقوں کے علاوہ پلوں، فلائی اوورز، پارکس اور پلے گراؤنڈز کی ڈویلپمنٹKDA اور اس سے منسلک انجینئروں و دیگر اہلکاروں کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، ایگزیکٹو انجینئر اسکیم 33، ایگزیکٹو انجینئر اسکیم 36 گلستان جوہر، ایگزیکٹو انجینئر کورنگی ٹاؤن، ایگزیکٹو انجینئر کلفٹن، ایگزیکٹو انجینئر منصورہ،ایگزیکٹو انجینئر اسکیم 41 سرجانی ٹاؤن و دیگر افسران موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں