غزہ صورتحال پر حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت،حافظ نعیم

 غزہ صورتحال پر حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

امداد کے منتظر اور رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں اہل غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، کھلم کھلا دہشت گردی و جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکمران خواہ کوئی موقف اختیار کریں اور اہل غزہ کو بھول جائیں لیکن عوام نہیں بھولیں گے اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں، خواتین، بچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکہ کی مذمت جاری رکھیں گے ۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ 30مارچ کو نماز تراویح کے بعد شب یکجہتی غزہ(غزہ سالیڈیرٹی نائٹ) منائی جائے گی، جس میں شہر بھر سے عوام فیملیز کے ہمراہ شریک ہوں گے ۔ قبل ازیں اس سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے ، کارنر میٹنگز کی جائیں گی اور فلسطین ریلیف فنڈ جمع کیا جائے گا۔ شہر بھرمیں مساجد کے باہر اور عید شاپنگ بازاروں میں بھی فلسطین فنڈ جمع کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہل غزہ کے لیے جاری ریلیف ورک پر الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے بذریعہ ہوائی جہاز و بحری جہاز غذائی اجناس، ادویات اور خواتین و بچوں کے لیے ضروری اشیاء غزہ روانہ کی ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں