بالائی سندھ اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال اچھی نہیں ہے ، وزیر داخلہ کا اعتراف

بالائی  سندھ  اور  کراچی  میں  امن  وامان  کی  صورتحال  اچھی  نہیں  ہے  ،  وزیر  داخلہ  کا  اعتراف

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)صوبائی وزیر داخلہ ضیائ الحسن لنجار نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا۔آئی جی پولیس رفعت مختار راجہ،ایڈیشنل آئی جی خادم حسین رند و دیگر سینئر پولیس افسران نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے سی پی او میں قائم یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ،فاتحہ خوانی کی اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔اس موقع پر آئی جی رفعت مختار راجہ نے وزیرداخلہ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اس حوالے سے پولیس اقدامات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اعتراف کیا کہ سندھ کے بالائی علاقے اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال اچھی نہیں ہے ،کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف موثر کارروائی کو مزید تیز کرتے ہوئے خاتمہ ناگزیر ہے ،ضلع کشمور، گھوٹکی،شکارپور کے کچے کے علاقوں کو ڈکیتوں سے پاک کرنا ہوگا۔انہوں نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ایس ایس پی کارکردگی نہیں دکھائے گا اسے تبدیل کردیا جائیگاجبکہ ایس ایچ اوز کی ٹرانسفر پوسٹنگ کراچی سمیت صوبے کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز کرینگے اور ان کی کارکردگی کیلئے جوابدہ بھی ہونگے ۔اس موقع پر آئی جی نے کراچی سیف سٹی پروجیکٹ پر بھی بریفنگ دی۔آئی جی نے وزیر داخلہ کو سی پی او کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کروایا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں