مجسٹریٹس ہر علاقہ میں قیمتیں چیک کریں،کمشنر کراچی

مجسٹریٹس ہر علاقہ میں قیمتیں چیک کریں،کمشنر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی ہدایت پر کراچی انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان المبار ک کے موقع پر گراں فروشوں کے خلاف شروع کی گئی مہم جاری ہے کمشنرکراچی محمد سلیم راجپوت نے مہم کو موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجسٹریٹس ہر علاقہ میں قیمتیں چیک کریں اور سرکاری نرخ کو سختی سے نافذ کریں۔انہوں نے بیورو آف سپلائی اور دیگر متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ گزشتہ روز 106گراں فروشوں پر 8 لاکھ 72ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک گراں فروش کی ضلع غربی میں دکان سربمہرکی گئی ۔مجموعی طور پر شہر میں 454مقامات پر قیمتیں چیک کی گئیں۔کمشنر ہاؤس سے جاری تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں 39 گراں فروشوں پر 3 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ شرقی ضلع میں 11 گراں فروشوں پر ایک لاکھ 3 ہزار روپے ، غربی میں 11 گراں فروشوں پر 69 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیاگیا۔ضلع وسطی میں 23 گراں فروشوں پر 2 لاکھ 11 ہزار روپے جرمانہ عائدکیا گیا ۔ ملیر میں 9 گراں فروشوں پر 47 ہزار روپے ،کورنگی میں 6 گراں فروشوں پر 45 ہزار روپے اورکیماڑی میں7 گراں فروشوں پر 27 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں