اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل پر جلد قابو پالینگے ،میئرکراچی

اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل پر جلد قابو پالینگے ،میئرکراچی

کراچی(اے پی پی)میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کے ہمراہ جمیلہ پمپنگ اسٹیشن رائزنگ مین کا دورہ کرکے لائن کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔

 اعلامیہ کے مطابق میئر کراچی نے کہا کہ جمیلہ پمپنگ اسٹیشن 1836میں بنا تھا جس کی اب دوبارہ تعمیر نو کی جائے گی جبکہ جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کیلئے اسے اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں نیا پمپنگ اسٹیشن بنانے کیلئے رقم منظور کروائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج کے مسائل پر جلد قابو پا لیں گے ۔اس موقع پر میئر کراچی اور سی ای او واٹر کارپوریشن کو چیف انجینئر سیوریج نے مرمتی کام کی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کی رائزنگ مین گزشتہ دس روزمیں تین مرتبہ دھنس گئی ہے ، لائن دھنسنے کی اصل وجہ لائن اپنی لائف مکمل کر چکی ہے جبکہ متاثرہ لائن کا دو مرتبہ مرمتی کام مکمل کرنے کے بعد لائن تیسری مرتبہ دھنس گئی ۔ انہوں نے کہاکہ لائن کے متبادل حل کیلئے لائن کو لیاری ندی میں بائی پاس کیا جارہا ہے جو اگلے 72گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بائی پاس لائن 120 فٹ لمبی اور 20 فٹ گہری ہے ، لائن گہری اور رائزنگ مین کے اوپر پانی اور گیس کی لائنیں موجود ہے جس کے باعث مرمتی کام میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں