حکومت توانائی سے متعلق پالیسی وضع کرے ،پاسبان

 حکومت توانائی سے متعلق پالیسی وضع کرے ،پاسبان

کراچی (آن لائن)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے سولر سسٹم کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ حکومت توانائی سے متعلق اپنی پالیسی وضع کرے ۔

 توانائی پالیسی میں ابہام کی وجہ سے اس شعبے میں سرمایہ کاری سے بزنس مین کترارہے ہیں۔ گزشتہ روزاپنے بیان میں طارق چاندی والا نے کہا کہ ایک طرف ملک کو توانائی بحران کا سامنا ہے تو دوسری طرف جو شہری لاکھوں روپے انویسٹ کر کے سولر سسٹم لگاتے ہیں ان کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت تین، تین ماہ گزرنے کے بعد بھی نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے ملک کو اربوں روپوں کا نقصان ہو رہا ہے ۔ نیٹ میٹرنگ کاعمل اتنا پیچیدہ بنا دیا گیا ہے کہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں اپنے صارفین کو فوری نیٹ میٹرنگ کی سہولت فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ ہمارے پالیسی ساز کیا چاہتے ہیں؟ تھرکول سے متعلق پاکستانی حکام چالیس سال سے گومگو کا شکار ہیں۔ چند توانائی کی کمپنیاں کچھ سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے ساتھ مل کر مہنگی بجلی بیچ کر پاکستانیوں کو لوٹ رہے ہیں۔ کسی کے کان پر جوں بھی نہیں رینگتی۔ تھر میں ہماری رفتار سست ہے ۔ ڈیم ہم بنانا نہیں چاہتے ۔ پاکستان کب تک بحرانوں کی زد میں رہے گا؟ بایو گیس پلانٹس کیوں نہیں لگائے جاتے ؟ کچرے سے بجلی کیوں نہیں بنائی جاتی؟ پاکستان سرمایہ دارانہ نظام کی خودغرضی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں