اے وی سی سی کی کارروائی ،لڑکی بازیاب ، اغوا کار گرفتار

  اے وی سی سی کی کارروائی ،لڑکی بازیاب ، اغوا کار گرفتار

کراچی( اسٹاف رپورٹر )اے وی سی سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغویہ لڑکی کو بازیاب کرا کر اغواء کار کو گرفتار کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس نے سپر ہائی وے معمار موڑ ملیر میں کارروائی کے دوران اغواء کار کو گرفتار کر کے مغوی لڑکی کو بازیاب کرالیا، 23 سالہ نازش 9 اپریل کو الاصف اسکوائر سہراب گوٹھ اپنے گھر سے دوست کے ساتھ کپڑے لینے گئی تھی، راستے سے لڑکی کو اغوا کرلیا گیا اور رہائی کے عوض 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا، واقعہ کا مقدمہ سہراب گوٹھ تھانے میں درج ہوا اور تفتیش اے وی سی سی کو ٹرانسفر کی گئی۔ ڈی ایس پی آپریشن قیصر علی شاہ کی سربراہی میں ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، تفتیشی ٹیم نے خفیہ اطلاع اور تکنیکی بنیادوں پر سپر ہائی وے معمار موڑ ملیر میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران اغوا کار ملزم معشوق علی کو گرفتار کر لیا، اغوا کار کے قبضے سے مغویہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرایا، مقدمے کی ابتدائی تفتیشی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچی کو والدین کے حوالے کر دیا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے ، مزید انکشافات کی توقع ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں