غیر فعال پارکس آباد کرنے کے لئے این جی اوز کودینے کا فیصلہ

غیر فعال پارکس آباد کرنے کے لئے این جی اوز کودینے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے کہا کہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے لازم ہے ۔۔

کہ خامیوں کی نشاندہی کرکے مستقل بنیادوں پر دور کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ کے ڈی اے افسران و ملازمین کا ادارہ کی بہتری کے لئے کردار اہم ہے ۔ باہمی اتفاق سے تمام افسران و ملازمین ادارہ کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کو ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے ٹاؤن شپس میں قائم نرسریوں کو فوری طور پر کرایہ کی وصولیوں کے لیے نوٹس جاری کئے جائیں اور کرایہ کی مد میں اضافہ کیا جائے جس کی منظوری گورننگ باڈی کے ڈی اے سے لی جائے گی تاکہ کے ڈی اے کی ریکوری میں اضافہ ہوسکے ۔اس دوران سید شجاعت حسین نے کہا کہ کے ڈی اے کے غیر فعال پارکس کو آباد کرنے کے لئے مختلف این جی اوز اور مخیر حضرات سے رابطے کرکے ایڈپشن پر دئیے جائیں، اور پارکس بننے کے بعد عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکے گی۔ ادارہ ترقیات کراچی کے شہر بھر میں 379پارکس موجودہیں،193 پارکس میں تجاوزات جبکہ 48پارکس باؤنڈری والز میں قائم ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے تمام پارکس کی رپورٹ تیار کرکے پیش کرنے کے احکامات جاری کئے کہ قبضہ مافیا سے واگزار کرکے پارکس آباد کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے ، پارکس آباد کرنے کے باعث شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔اس موقع پر چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع،ڈائریکٹر لینڈ محمد شاہد، ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد، ڈائریکٹر اسپورٹس جمیل احمد، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ ارشد عباس، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن رفیق کھوڑو، سپرنٹڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں