ملک میں ہپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ ناقابل قبول،پی ایم اے

 ملک میں ہپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ ناقابل قبول،پی ایم اے

کراچی ( آن لائن)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق پاکستان میں ہپاٹائٹس سی کے انفیکشن سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔

پی ایم اے نے صحت عامہ کے اس بحران سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔پی ایم اے کے مطابق ہپاٹائٹس سی ایک وائرل انفیکشن ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتا ہے ، جس سے جگر کو شدید نقصان پہنچتا ہے اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر بوجھ کا باعث ہے ۔ پاکستان میں ہپاٹائٹس سی کا موجودہ پھیلاؤ ناقابل قبول ہے اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فوری توجہ طلب ہے ۔پی ایم اے نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہپاٹائٹس کی وجوہات، منتقلی کے طریقوں، روک تھام، اور دستیاب علاج کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے ایک وسیع عوامی بیداری مہم شروع کرے ۔حکومت کو پورے ملک میں آسان رسائی اور سستی اسکریننگ اور جانچ کی سہولیات قائم کرے بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ افراد کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کے لیے فوری تشخیض بہت ضروری ہے اور یہ ضروری ہے کہ حکومت ہپاٹائٹس سی کے علاج کے لیے ضروری اور سستی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے ۔ دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ گفت و شنید کرکے اور سبسڈیز کو لاگو کرکے ، حکومت تمام متاثرہ افراد کے لیے علاج کو قابل رسائی بنا سکتی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں