باندھی :غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبارتباہ،شہری پریشان

باندھی :غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبارتباہ،شہری پریشان

باندھی (نامہ نگار) باندھی اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ ،طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو بے حال اور کاروبار تباہ کر دیے ، 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ، گرمی اور مچھروں نے پریشان کر دیا۔۔۔

 جس کی وجہ سے معصوم بچے ، خواتین اور بزرگ رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ شہریوں میں مچھر کاٹنے سے ملیریا ، بخار ،ٹائیفائیڈ سمیت مختلف امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ شہر کے سیاسی اور منتخب نمائندوں نے اس تمام صورتحال پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اس صورتحال پر باندھی کے سماجی رہنماؤں نے موثر احتجاج کے لیے عوامی رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، جلد شٹر بند ہڑتال اور احتجاجی دھرنوں کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق باندھی اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے ، شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہر اور گرد و نواح میں برف بھی ناپید ہو گئی ہے اور جو ڈیلر دور دراز سے برف لاتے ہیں وہ من مانے نرخوں پر فروخت کرتے ہیں، جبکہ بجلی بند ہونے کی وجہ مساجد میں وضو کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہوتا۔ شہری حلقوں سے واپڈا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں