صوبائی حکومت امن تباہ کرنے میں ملوث ،جماعت اسلامی

صوبائی حکومت امن تباہ کرنے میں ملوث ،جماعت اسلامی

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا نے سندھ بلوچستان بارڈر کے نزدیک جیکب آباد میں صوبائی مشیر کے بیٹے کی اسکواڈ میں موجود پولیس موبائل سے جدید غیرقانونی اسلحے کی برآمدگی کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔

 سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو اپنے سوال کا جواب مل گیا ہے کہ کچے کے ڈاکووں کو اسلحہ کون سپلائی کررہا ہے ۔آج ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سندھ کے ظالم وڈیرے ، سردار پولیس میں موجود کالی بھیڑوں اور ڈاکو نیٹ ورک نے سندھ میں اغوابرائے تاوان کو ایک منافع بخش کاروبار سمجھ لیا ہے جس میں تینوں فریق شامل ہیں اور ان کی سرپرستی سندھ حکومت کررہی ہے ، جیکب آباد کا واقعہ اس کا کھلا ثبوت ہے ، جب تک اس نیٹ ورک کو ختم نہیں کیا جاتا سندھ میں امن و امان قائم اور ڈاکو راج ختم نہیں ہوسکتا۔شکارپور،کندھ کوٹ کشمور اور گھوٹکی کے کچے سے کون واقف نہیں ہے جہاں پورے ملک سے اغواکئے گئے لوگوں کو قید رکھا جاتا ہے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکووں کے نیٹ ورک کو جدید اسلحہ سپلائی کرنے والے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا کسی رنگ ونسل کے سیاسی مصلحت سے بالاتر ہوکر سخت کارروائی کی جائے ۔ ایس ایس پی جیکب آباد ضمیر فروشی چھوڑ کر اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث اصل کرداروں کو ایکسپوز کرکے اپنے منصب کی لاج رکھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں