روہڑی:کسانوں، آبادگاروں کو باردانہ نہ ملنے کیخلاف احتجاج

روہڑی:کسانوں، آبادگاروں کو باردانہ نہ ملنے کیخلاف احتجاج

روہڑی (نمائندہ دنیا) کسانوں اور آبادگاروں کو سرکاری باردانہ نہ ملنے کے خلاف جمعیت علما اسلام ضلع سکھر کے تحت شکارپور پھاٹک سے ڈی ایف سی دفتر نیو گوٹھ سکھر تک کارکنان کی بڑی تعداد نے مولانا صالح انڈھڑ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور ڈی ایف سی سکھر کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے نعرے بازی کی۔

مظاہرے میں جے یو آئی ضلع سکھر کے سیکریٹری مولانا عبدالحمید مہر ، قاری لیاقت علی مغل و دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پرجے یو آئی ضلع سکھر کے امیر مولانا صالح انڈھڑ کا کہناتھا کہ سندھ میں کسانوں اور آبادگاروں کو گندم کے لیے باردانہ نہ دینا اور خریداری مراکز نہ کھولنا حکومت سندھ کی جانب سے عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے ، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ کسانوں کو باردانہ نہ ملنے اور گندم خریداری کے مراکز ابھی تک بند رکھنے کا ازخود نوٹس لیکر آبادگاروں اور کسانوں کو انصاف فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گندم کی کٹائی ہورہی ہے مگر سندھ کے تمام اضلاع میں کسانوں اور آبادگاروں کو باردانہ نہیں دیا جارہا، جو کسانوں اور آبادگاروں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ، ہمیں ایسا لگتا ہے محکمہ خوراک کو سیاسی ٹھیکیداروں کے حوالے کردیا گیا ہے ، محکمہ خوراک کے افسران کمیشن ایجنٹوں سے ناجائز آمدنی بٹورنے میں مصروف ہیں، جے یو آئی عوام سے ہونے والی ہر زیادتی کے خلاف آواز بلند کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں