کنری :پانی چوری ،وائس چیئرمین سمیت 4افراد کیخلاف مقدمہ

کنری :پانی چوری ،وائس چیئرمین سمیت 4افراد کیخلاف مقدمہ

کنری (نمائندہ دنیا) پانی چوری کا الزام، وائس چیئرمین سمیت 4 افراد پر پانی چوری اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج۔

 تفصیلات کے مطابق یونین کونسل میمن کنری کے وائس چیئرمین اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے زمیندار محمد اکرم رند،محمد رفیق رند سمیت دو نامعلوم افراد پر آبپاشی سب ڈویژن نبی سر کی شاخ راہمور سے زبردستی پانی چوری کرنے کے الزام میں کنری تھانے پر داروغہ محمد سلیم میمن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ داروغہ محمد سلیم میمن نے الزام عائد کیا کہ دورے کے دوران دیکھا کہ راہمور شاخ پر واٹر کورس نمبر4 ایل کا ماڈیول ٹوٹا ہوا تھا اور پانی سرکاری پیمائش سے زیادہ چل رہا تھا،ٹوٹا ہوا واٹر کورس بند کرنے کی کوشش کی تو محمد رفیق رند اور دو نامعلوم افراد نے مزاحمت کی، کام میں رکاوٹ ڈالی اور زبردستی پانی چلا دیا۔ پولیس نے زمیندار محمد اکرم رند اور محمد رفیق رند سمیت 4 افراد پر راہمور شاخ سے پانی چوری اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردئیے ہیں۔ واضح رہے کہ آبپاشی سب ڈویژن نبی سر کی شاخوں کے ٹیل ایریاز میں آبپاشی عملے کی ملی بھگت سے بااثر آبادگاروں کی جانب سے پانی چوری کے باعث زرعی پانی کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ سے کپاس اور مرچ کی بوائی سخت متاثر ہو رہی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں