اروڑ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

 اروڑ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

سکھر(نمائندہ دنیا)اروڑ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغازہوگیا۔کانفرنس کا افتتاح کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی اور مختلف یونیورسٹیز کے وی سیز نے کیا۔

 کانفرنس میں سندھ کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، محققین ، تاریخ دان اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہے ۔تفصیلات کے مطابق روہڑی شہر میں قائم اروڑ یونیورسٹی میں بین المذاہب سفارت کاری سے متعلق موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔اروڑ یونیورسٹی میں منعقد ہ دو روزہ کانفرنس کاافتتاح کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی، اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کے ساتھ مختلف یونیورسٹیز کے وی سیز نے کیا۔ کانفرنس میں سندھ کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، محققین ، تاریخ دان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کانفرنس کے دوران مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں شریک طلبہ کی جانب سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کمشنر سکھر فیاض عباسی نے کانفرنس کے انعقاد کو ایک بہترین قدم قرار دیا اور کہا کہ طلبہ کو تحقیق کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے ،اس طرح کی کانفرنسز کے ذریعے طلبہ میں تحقیق کا جذبہ پیدا کیا جاسکتا ہے جبکہ اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کی جانب سے شرکاء کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔کانفرنس میں انٹرنیشنل اسپیکر ڈاکٹر اسٹوئین بونٹا نے خصوصی طور پر شرکت کی اور طلبہ کو لیکچر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں