اسٹیل ٹاؤن میں گیس کی بندش کیخلاف قومی شاہراہ بلاک

اسٹیل ٹاؤن میں گیس کی بندش کیخلاف قومی شاہراہ بلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن میں گیس کی بندش کے خلاف محنت کشوں کا احتجاج، دھرنا دے کرقومی شاہراہ بلاک کردی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے حکومت اور پاکستان اسٹیل انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

 احتجاج کی قیادت پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین کے چیئرمین شمشاد قریشی نے کی، جبکہ پی پی رہنما امداد جوکھیو، دھنی بخش سموں، سید حمید اللہ، مصطفیٰ زرداری، شبیر منگی، اکبر میمن، یوسی چیئرمین ڈاکٹر عظمت اللہ، وائس چیئرمین علی محمد گبول، نسیم حیدر، شوکت کورائی، سلیم گل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی دھرنے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر شمشاد قریشی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ گیس بل کی ادائیگی کے بجائے محنت کشوں کو ایک سازش کے تحت اسٹیل ٹاؤن سے بیدخل کرنا چاہتی ہے ، گیس کے بل کی ادائیگی سے دو گنا زیادہ رقم آن ڈیوٹی ملازمین کو سلنڈر خریدنے کے لئے دی ہے ، جس طرح پاکستان اسٹیل نے قابض محمود عباس رضوی، عارف شیخ و دیگر یہ نام نہاد افسران ادارے کی بربادی کا سبب بنے ہیں انہوں نے کہا کہ فی الفور اسٹیل ٹاؤن کی گیس بحال کی جائے ، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل سے جبری طور پربرطرف ملازمین ، مساجد کے خطیب اور موذن کو بحال کیا جائے ۔کرپشن اور چوری کے وارداتوں میں ملوث افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔رات گئے انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد سوئی سدرن نے گیس کی سپلائی بحال کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں