قربانی کے مویشیوں کی منڈی 10مئی سے سجے گی

قربانی کے مویشیوں کی منڈی 10مئی سے سجے گی

کراچی(نیوز ایجنسیاں)شہریوں کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں مدد کے لیے قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی 10 مئی سے شروع ہوگی۔ منڈی کے لیے تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر 1000ایکڑ رقبے کا انتخاب کیا گیا ہے ۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں سیکیوریٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں گے ۔منڈی میں آنے والے خریداروں کے ساتھ بیوپاریوں کے لیے بھی سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ خریداروں کی سہولت کے لیے وسیع پارکنگ مختص کی جائیگی جبکہ منڈی کی حدود میں فوڈ کورٹ سمیت بنیادی اشیاء کی فراہمی کے لیے عارضی اسٹالز لگائے جائیں گے ۔ مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑے بینکوں کے اے ٹی ایمز اور عارضی برانچیں بھی قائم کی جائیں گی۔ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال کے لیے ہنگامی طبی امداد کی سہولت کے ساتھ ایمبولینس بھی موجود رہیگی۔مویشی منڈی میں آنے والے بیوپاریوں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ ان سہولتوں میں فی مویشی 30لیٹر پانی کی مفت فراہمی کے ساتھ مویشیوں کے باڑے بنانے کے لیے اراضی کی بلامعاوضہ فراہمی بھی شامل ہیں۔ قربانی کے جانور مکمل طور پر صحت مند اور شرعی تقاضوں کے مطابق ہوں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منڈی میں داخلے سے قبل تمام مویشیوں کا معائنہ لازمی ہوگا جبکہ مویشیوں کی صحت کی تصدیق کے لیے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں