سندھ ہائیکورٹ:آئی بی اے میرپور خاص کیمپس فعال رکھنے حکم

سندھ ہائیکورٹ:آئی بی اے میرپور خاص کیمپس فعال رکھنے حکم

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے آئی بی اے میرپور خاص کیمپس کے فنڈز روکنے کا حکم معطل کر کے تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

 آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر آصف شیخ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔عدالت نے وائس چانسلر کو پیرا وائز کمینٹس داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔ سندھ ہائیکورٹ میرپورخاص سرکٹ کے جسٹس خادم حسین تنیو اور امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئی بی اے کیمپس میرپورخاص کیمپس کو بند کرنے کی آئینی درخواستوں کی سماعت کی۔دوران سماعت وائس چانسلر آئی بی اے سکھر آصف شیخ نے عدالت کو بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے میرپورخاص کیمپس کے فنڈز بند کر دیے ہیں جس پر عدالت نے وائس چانسلر آصف شیخ پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ تو ادارے کو بند نہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے ،نثار احمد صدیقی تو اس ادارے کو سندھ بھر میں پھیلا رہے تھے جس کے بعد ہم امید کر رہے تھے کہ آپ اس ادارے کو مثالی بنائیں گے لیکن آپ تو کیمپس بند کرنے کی بات کر رہے ہیں۔عدالت نے میرپورخاص کیمپس کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کردی۔ علاوہ ازیں عدالت کے باہر وائس چانسلر آصف شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی نے آئی بی اے میرپورخاص کیمپس کی عمارت کی تعمیر کیلئے چند سال قبل جو رقم مختص کی تھی اب اس کی تعمیراتی لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے جبکہ اساتذہ کی تنخواہوں سمیت تمام فنڈز بن کر دیے گئے ہیں۔ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ داران اور حکومت سندھ سے ملاقاتیں کر رہا ہوں اور امید دلاتا ہوں کہ میرپور خاص کیمپس بند نہیں ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں