مارکیٹوں میں ڈبل پارکنگ پر پابندی : غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

مارکیٹوں  میں  ڈبل  پارکنگ  پر  پابندی  :  غیر  قانونی  پارکنگ  کے  خلاف  کریک  ڈائون  کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر، طارق روڈ، ایم اے جناح روڈ اور بولٹن مارکیٹ میں ڈبل پارکنگ پر پابندی عائد جبکہ غیرقانونی پارکنگ لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کی زیر صدارت ٹریفک جام کے باعث بڑھتے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں شہر بھر کے ایس ایس پیزنے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے اسپیشل چالان کمپین اور انفورسمنٹ سے متعلق ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ون وے کی وائلیشن اور سگنل وائلیشن ٹریفک کیلئے سنگین مسئلہ ہے جس کے خلاف چالاننگ کمپین بھی چلائی جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود ان وائلیشن کی خلاف ورزی میں کمی نظر نہیں آرہی، فیلڈ کے تمام افسران و ملازمین کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے زیر انتظام علاقے میں ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اسپیشل پلان تشکیل دیں،افسران و ملازمین آپس میں کمیونی کیشن کو بہتر بنائیں تاکہ ٹریفک سگنل سے کوئی گاڑی وائلیشن کرے تو دوسرے ٹریفک سگنل پر روک کر اس کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔ صدر، طارق روڈ اور ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ جیسے ایریاز میں ڈبل پارکنگ ہرگز نہ ہونے دیں اور غیر قانونی پارکنگ لگانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے علاقہ حدود میں زیادہ حادثات کی وجہ کو معلوم کرتے ہوئے اس جگہ پر مناسب اقدام کریں ،جس جگہ سڑک خستہ حالت میں ہے اس کی استرکاری کروائیں یا اس پر بیریئر گیٹ لگا کر اس مقام کی نشاندہی کریں، اس کے ساتھ تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کی بنا پر حادثات کی وجہ بننے والی لوڈنگ گاڑیاں، منی بسیں اور ٹرک وغیرہ کو بھی چیک کریں اور وہ جرم کے مرتکب ہوں تو ان کے خلاف زیادہ کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے ساتھ مل کر فینسی نمبر پلیٹ اور فیک سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے اور علاقے میں فینسی نمبر پلیٹ بنانے والے دکانداروں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائیں ۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ شہر بھر میں چلنے والی ہیوی ٹریفک کو فاسٹ لائن کی خلاف ورزی نہ کرنے دیں اور بہترین کارکردگی کرنے والے افسران کو شاباشی دیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لہذا افسران اپنی مینجمنٹ کو بہتر کرنے کے ساتھ ٹریفک پولیس اپنے اخلاق و کردار کو بھی عوام کے ساتھ بہتر کرے تاکہ عوام وپولیس کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہوں اور مسائل کو مل کر حل کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں