ڈیفنس میں ملازمہ کی مبینہ خودکشی،قتل کا مقدمہ درج

ڈیفنس میں ملازمہ کی مبینہ خودکشی،قتل کا مقدمہ درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی)ڈیفنس خیابان بخاری میں قائم بنگلے کے اندر مبینہ طور پر پنکھے سے لٹک کر 16 سالہ ملازمہ کی مبینہ خودکشی کا معاملے پر 16 سالہ متوفیہ پاریہ عرف ماریہ کے والد نے بیٹی کو قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کردیا۔

واقعہ کا مقدمہ درخشاں تھانے میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کروا دیا گیا۔مقدمہ پاریہ کے والد ہیرا کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ پاریہ کو 10 ماہ قبل خیابان بخاری کے بنگلے میں ملازمت پر رکھوایا تھا،پاریہ مستقل طور پر بنگلے میں ہی رہائش پذیر تھی پاریہ کے پاس اپنا موبائل فون موجود تھا،12 مارچ کو دوپہر 2 بجے پاریہ نے فون پر گھر والوں سے تفصیل سے بات کی،پاریہ نے کسی قسم کی پریشانی ظاہر نہیں کی،شام 5 بجے بنگلے کے مالک کے بیٹے شہروز نے فون کرکے ماریہ کی خودکشی کی خبر دی۔مدعی نے بتایا کہ وہ حیدرآباد سے کراچی پہنچا تو بیٹی کی لاش جناح اسپتال میں تھی،پاریہ کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ شبہ ہے کہ اس کی بیٹی کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کیا گیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔مزیدبرآں میڈیکولیگل ذرائع نے بتایا کہ 16سالہ گھریلوملازمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ابتدائی طور پر لڑکی سے زیادتی کے شواہد ملے اور موت گلا گھونٹنے کے باعث ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں