اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد

اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے قراردیاکہ شواہد کی روشنی میں ملزموں کو رعایت نہیں دی جا سکتی۔

اسٹریٹ کرائم کے واقعات سے شہر میں خوف کا عالم ہے ۔ عدالت نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم سے کراچی کی گلیوں میں اب تاریکی چھاگئی ہے ۔ اب کراچی کا ہر شہری خوف کے سائے میں رہتا ہے ۔ ایسے سنگین جرائم میں ضمانت جیسی رعایت کیسے دی جاسکتی ہے ۔ کیس ثابت ہوا تو ملزموں کو سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے ۔ استغاثہ کے مطابق شناخت پریڈ کے دوراں چشم دید گواہ نے ملزم مہتاب خان اور محمد خان کو شناخت کیا تھا۔ ملزموں کو پیر آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیاہے پولیس نے ملزم عمیر سے پسٹل اور گولیاں برآمد کی تھیں۔ ملزموں نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والے شہری امیر جان کو 17 مارچ 2023 کو لوٹا تھا۔ ملزموں نے مزاحمت پر شہری کو قتل کر دیا تھا۔ تفتیشی افسرنے عدالت کوبتایاکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز فارنزک تجزیے کیلئے لاہور ارسال کر دی ہے جو ابھی موصول نہیں ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں