محکمہ ماہی گیری میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم

 محکمہ ماہی گیری میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے فشریز لائیو اسٹاک سید نجمی عالم نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ڈائریکٹر آپریشنز کو فوری کارروائی کرتے ہوئے مسمار کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں اور کہا ۔۔

کہ فشریز کی ایکسپورٹ بحال کرنا اور ماہی گیروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو کراچی فش ہاربر کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے اعلیٰ افسران سے بریفنگ لینے کے بعد فش ہاربر کا معائنہ کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر ایم ڈی علی گل سنجرانی اور ڈائریکٹر آپریشن کراچی فش ہاربر ڈاکٹر محمد عاصم کریم بھی موجود تھے ۔ کراچی فش ہاربر پر صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور یورپی یونین کی طرف سے لگائی گئی پابندی کو ختم کرنے کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا جس میں ٹریننگ، ہنگامی حالات میں نبردآزما ہونے کیلئے آلات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ۔ نیز ماہی گیروں کے بچوں کی تعلیم اور تربیت اور ان کیلئے مختلف اسکیموں کا اجراء کا عندیہ بھی دیا۔ فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے مختلف مسائل کا جائزہ لیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی اور جلد انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکریٹری کوآپریٹو سوسائٹی کو ہدایت اور کراچی فش ہاربر پر موجود غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو جلد از جلد ختم کرنے کے عملی اقدامات پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں