لانڈھی میں 5سالہ بچہ نالے میں ڈوب کر جاں بحق،لواحقین کااحتجاج

لانڈھی میں 5سالہ بچہ نالے میں ڈوب کر جاں بحق،لواحقین کااحتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لانڈھی لال آباد نمبر دو کے قریب گندے پانی کے نالے میں گر کر پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

متوفی کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی۔ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی لاش کو نالے سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا۔اہل علاقہ کے مطابق مذکورہ مقام پر ایک سال میں 7 سے 8 بچے گر کر زخمی اور جاں بحق ہوئے ہیں لیکن تاحال نالے کے اطراف میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی دیوار تعمیر نہ کی گئی۔متعلقہ اداروں کو درخواست دی لیکن فائدہ نہیں ہوا۔لواحقین نے بتایا کہ 5 سالہ یاسین مدرسے کا طالب علم تھا،یاسین روز اس مقام پر اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلنے کے لئے جاتا تھا آج جب وہ کھیل رہا تھا تو پاؤں پھسلنے سے نالے میں گرا اور جاں بحق ہوگیا۔5 سالہ یاسین 6 بھائی بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا ،متوفی کا والد رکشہ ڈرائیور ہے ۔ لواحقین اور اہل علاقہ نے لانڈھی داؤد چورنگی پر واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا تاہم پولیس کی جانب سے کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں