عسکری پارک میں دکانوں کے مالکان بھی عدالت پہنچ گئے

عسکری پارک میں دکانوں کے مالکان بھی عدالت پہنچ گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے عسکری پارک میں قائم دکانوں کو مسمار نہ کرنے کے سپریم کورٹ پاکستان کے فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست پر کے ایم سی سمیت دیگر اداروں سے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کے روبرو عسکری پارک میں قائم دکانوں کو مسمار نہ کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عسکری پارک میں واقع دکانوں کے مالکان بھی عدالت پہنچ گئے ۔ دکانداروں کاموقف تھا کہ ہماری 88 دکانیں ہیں، جو کہ فوڈ کورٹ میں قائم ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ فوڈ کورٹ کی زمین کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں ہی نہیں آتی۔ 2 ایکڑ زمین پر زبردستی کے ایم سی دعویٰ کر رہی ہے ۔ ہیومن رائٹس پروٹیکشن کے وکیل نے موقف اختیارکیاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ سپریم کورٹ نے دکانیں مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔ 2021 سے لیکر اب تک عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے کہ جب 2021 سے اب تک عملدرآمد نہیں کیا، تو ان دکان والوں کی بھی درخواست آج سن لیتے ہیں۔ عدالت نے دکانداروں کی درخواست کو متعلقہ درخواست کے ساتھ یکجا کردیا۔ عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں